ریاض،24 مئی (ایجنسی) سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بدھ کے روز برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے سے ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے مملکت کی جانب سے مانچسٹر میں ہونے والی دہشت گرد کارروائی کی سخت مذمت کی اور اس کو اسلام کے بنیادی اصولوں اور اخلاقی اقدار کے منافی قرار دیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے دھماکے میں مارے جانے والوں کے لیے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے حوالے سے
اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
سعودی فرماں روا نے گفتگو کے دوران باور کرایا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں مملکت اپنی پوری قدرت کے ساتھ برطانیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یاد رہے کہ پیر کی شام مانچسٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈے کے کنسرٹ میں ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 59 زخمی ہو گئے تھے۔